بجلی، گیس کے بھاری بلز اور لوڈشیڈنگ سے عوام پریشان؛ منشیات کا بڑھتا استعمال بھی تباہ کن: مولانا ہدایت الرحمن کا بلدیاتی اداروں کو اختیارات دینے کا مطالبہ”


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی بلوچستان اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کے بھاری بلز اور طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بلدیاتی الیکشن کے ساتھ ہی بلدیاتی اداروں کو اختیارات اور وسائل دینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو پینے کا صاف پانی، انصاف کی بروقت فراہمی اور دیگر بنیادی سہولتیں و آسانیاں فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ عوام آج بھی تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات کو ترس رہے ہیں۔
مولانا ہدایت الرحمن نے کوئٹہ میں تقاریب سے خطاب اور وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں اور طلباء کو ہنرمند بنانے اور روزگار فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال اور فروخت پر شدید تشویش کا اظہار کیا، جو اب شہروں کے ساتھ ساتھ دیہاتوں میں بھی عام ہو چکا ہے، اور جس کی وجہ سے خاندان کے خاندان تباہ، بے راہ روی اور ڈکیتی عام ہو گئی ہے۔ انہوں نے حکومتی، انتظامی اور دیگر اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف بیانات اور اعلانات پر اکتفاء کر رہے ہیں جبکہ نسل در نسل نوجوان تباہ و برباد ہو رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی اہل بلوچستان کو ان کے حقوق دلانے، ظلم و جبر کے خاتمے، اور لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ لاہور اجتماع عام میں ہر علاقے اور ہر زبان کے لوگ شریک ہوں گے، جہاں عوام الناس کو منظم، متحد و بیدار کیا جائے گا۔ انہوں نے عہد کیا کہ بلوچستان کے مظلوموں کی آواز ہر جگہ سنی جائے گی، اور وہ 25 کروڑ عوام کو ظلم، جبر اور لاقانونیت سے نجات دلانے کی کوشش کریں گے۔ ان کا مقصد بلوچستان کو خوشحال بنانا اور پاکستان کو قرآن و سنت کی بنیاد پر ایک منظم، کرپشن سے پاک اور خوشحال مملکت بنانا ہے۔
انہوں نے اہل بلوچستان سے اپیل کی کہ وہ حقوق کے حصول، ظلم و جبر اور لاقانونیت کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور اس عظیم مقصد اور اسلامی نظام کی جدوجہد میں بھرپور ساتھ دیتے ہوئے لاہور اجتماعِ عام میں شرکت کریں۔

WhatsApp
Get Alert