کوئٹہ: نازیبا ویڈیوز اسکینڈل میں 1 اور لڑکی سامنے آگئی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرنے کے اسکینڈل میں 1 اور لڑکی سامنے آ گئی جس نے گرفتار ملزمان سمیت 3 افراد پر مقدمہ درج کرا دیا۔ویڈیو اسکینڈل کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کی نازیبا ویڈیو بنا کر انہیں بلیک میل کرنے میں ملوث 2 گرفتار ملزمان سے تحقیقات جاری ہیں۔کوئٹہ پولیس نے بتایا کہ دونوں ملزمان ہدایت اللّٰہ اور خلیل 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں۔ویڈیو اسکینڈل میں ایک اور لڑکی کی جانب سے دوسرے مقدمے میں نامزد کیے گئے تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
کوئٹہ پولیس نے مزید بتایا ہے کہ گرفتار ہونے والے ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے موبائل، ویڈیوز اور یو ایس بیز کو فرانزک کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔کوئٹہ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ویڈیو اسکینڈل کے سلسلے میں ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ وادیٔ کوئٹہ میں گزشتہ روز لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرنے کا شرمناک اسکینڈل سامنے آیا تھا۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کوئٹہ کے علاقے قائد آباد میں نوکری کا لالچ دے کر لڑکیوں کی نازیبا ویڈیو بنانے اور ان کو اغوا کرنے میں ملوث ہیں۔