واپڈا بلوچستان پانی کے نئے منصوبہ کے ذریعے اپنے حصے کا پانی حاصل کر سکے گا، چیف سیکرٹری بلوچستان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)واپڈا بلوچستان میں واٹر سیکٹر میں ایک اور پراجیکٹ شروع کر رہا ہے۔ پراجیکٹ کا آغازصوبائی حکومت کی مشاورت سے کیا جارہا ہے،پراجیکٹ کا مقصد بلوچستان کے لوگوں کو طویل عرصہ سے درپیش پانی کا مسئلہ حل کرنا ہے۔چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) اور چیف سیکریٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی ملاقات کے دوران مجوزہ منصوبہ پر گفتگو کی گئی۔واپڈا اپنی صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان میں پانی کا دیرینہ مسئلہ دور کرنے کے لئے اپنے اِس پراجیکٹ کے ذریعے ایک ایسا جامع حل پیش کر رہاہے

جس کی بدولت بلوچستان پٹ فیڈر کینال کے ذریعے اپنے حصے کا پانی حاصل کرسکے گا۔ملاقات کے دوران چیئرمین واپڈا نے اِس عزم کا اعادہ کیا کہ واپڈا دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان میں بھی پانی کے وسائل کو فروغ دے کر صوبہ کی ترقی میں بھر پور معاونت فراہم کرتا رہے گا۔ چیف سیکریٹری بلوچستان نے صوبہ کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں آبپاش زراعت کی ترقی کے لئے واپڈا کا شکریہ ادا کیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ واپڈا بلوچستان میں واٹر سیکٹر میں متعدد منصوبوں پر کام کر رہا ہے، جن میں کچھی کینال کی توسیع اور نو لانگ ڈیم قابلِ ذکر ہیں۔