افغان بارڈر بندش، غیر مجاز راستوں پر نگرانی اور کنٹرول بڑھانے کا حکم، ایف بی آر

کوئٹہ(ڈیلی قدرت)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (کسٹمز وِنگ) کی جانب سے جاری کردہ ہنگامی مراسلے میں بلوچستان کے کسٹمز افسران کو سخت ہدایت کی گئی ہے کہ وہ افغانستان کے ساتھ سرحدی بندش کے باعث ممکنہ طور پر جنم لینے والی سکیورٹی خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام غیر مجاز زمینی راستوں پر نگرانی اور کنڑول فوری طور پر بڑھائیں۔ مراسلہ جسے چیف کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ کوئٹہ کے نام بھیجا گیا ہے، میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ مجرمانہ عناصر بند سرحدوں کے تناظر کو استعمال کرتے ہوئے چھوٹے یا مخفی راستوں کے ذریعے افغان نژاد اشیا کی ملک میں غیرقانونی درآمد کی کوششیں تیز کر سکتے ہیں، جنہیں بلاامتیاز روکنے کے لیے مقامی فارمیشنز کو فوری طور پر حساس اور چوکس رکھا جائے۔مراسلے میں کسٹمز یونٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حدِ نظر پر موجود گھاٹی، خاکی راستے، سرحدی نالیوں اور غیر روایتی چوراہوں کی نگرانی میں اضافہ کریں، موبائل چیکنگ پوائنٹس اور رینج پٹرولنگ کو مثر بنایا جائے، اور مقامی سیکیورٹی اداروں بشمول ایف سی اور سرحدی دستوں کے ساتھ معلوماتی تبادلے اور مشترکہ آپریشنز کو فوری طور پر مربوط کریں۔ علاوہ ازیں مراسلے میں کہا گیا ہے کہ افغان نژاد مال کی غیرمعمولی نقل و حرکت کے شبہات کی صورت میں مربوط تفتیشی ٹیمیں فورا تشکیل دی جائیں اور ضبطی و قانونی کارروائی بر وقت عمل میں لائی جائے۔
