کیا آپ اخروٹ کے ان فوائد سے واقف ہیں ؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)خشک میوے میں شمار کیا جانے والا اخروٹ ہمیشہ سے طبی لحاظ سے فائدہ مند قرار دیا جاتا ہے۔اخروٹ ایک صحت بخش میوہ ہے ، اس کی دو قسمیں ہیں ، نرم چھلکے والا، یعنی کاغذی اخروٹ اور سخت چھلکے والا اخروٹ۔اخروٹ میں تقریباً 70 فیصد تیل ہوتا ہے، جو صحت کے لیے مفید ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہےکہ اخروٹ کھانے سے دل، دماغ اور نظامِ خون کو بہت فائدہ ہوتا ہے۔اب اس ضمن میں مزید تحقیق سامنے آئی ہے جس کا خلاصہ یہ ہے کہ روزانہ نصف کپ اخروٹ کھانے سے امراضِ قلب اور کولیسٹرول کے خطرات تقریباً 8.5 فیصد تک کم ہوجاتے ہیں۔اومیگا تھری فیٹی ایسڈ اور وٹامن ای سے بھرپور اخروٹ بالوں میں نمی برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ ان میں کاپر کی مقدار بھی کافی ہوتی ہے جو جلد اور بالوں کے قدرتی رنگ کو برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں جبکہ اس منرل کی کمی سے آپ کے بالوں کو قبل از وقت سفید کرسکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اخروٹ کھانے سے کولیسٹرول نہیں بڑھتا، یہ پیٹ کی چربی کم کرنے میں بھی مددگار ہے ۔اخروٹ کا تازہ چھلکا دانتوں پر ملنے سے مسوڑے اور دانت مضبوط ہوجاتے ہیں، اس کا چھلکا بہترین مسواک ہے۔
اخروٹ میں فیٹی ایسڈز کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جبکہ کیلوریز کے حوالے سے بھی یہ بہترین ہے۔اگرآپ روزانہ اخروٹ کھائیں توآپ کا میٹابولک نظام بہتر حالت میں رہے گا۔اخروٹ کھانے سے خون کی شریانوں کے افعال میں بہتری جبکہ جسم کے لیے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے، یہ دونوں عناصر ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ معدے کی صحت مجموعی جسمانی صحت پر اثرانداز ہوتی ہے۔ اخروٹ کھانے کی عادت معدے میں مثبت تبدیلیاں لاتی ہے جبکہ یہ دل اور دماغ کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند عادت ہے۔