وزیر اعلیٰ بلوچستان کی تبدیلی کی افواہیں بے بنیاد ہیں، وہ 5 سال پورے کریں گے، سینیٹر دنیش کمار

سرفراز بگٹی کی قیادت مستحکم ہے، اپوزیشن ذاتی مفادات کیلئے پروپیگنڈا کر رہی ہے


کوئٹہ( ڈیلی قدرت )بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر دنیش کمار نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان میرسرفراز بگٹی کے عہدے کے حوالے سے جاری افواہیں اور قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔ سینیٹر دنیش کمار نے واضح کیا کہ وزیراعلی کی قیادت مستحکم ہے اور آئندہ پانچ سال تک وہ اسی عہدے پر قائم رہیں گے۔سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں کئی مرتبہ مختلف تاریخیں مقرر کی گئیں، جن کے حوالے سے یہ افواہیں گردش کرتی رہیں کہ وزیراعلی جلد اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے یا حکومت میں تبدیلی آئے گی، لیکن حقیقت میں وزیراعلی اپنی جگہ پر موجود ہیں اور ان کا سیٹ اپ مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اور بعض حلقے ذاتی مفادات اور سیاسی منافقت کے تحت افواہیں پھیلا رہے ہیں، جس کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور حکومت کو کمزور دکھانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں سیاست میں منافقت عام ہے اور لوگ ذاتی مفادات کے لیے مختلف پراپیگنڈا کرتے ہیں۔ لیکن آنے والے دنوں میں عوام خود دیکھیں گے کہ کون باقاعدگی سے وزیراعلی کی حمایت کر رہا ہے اور کون اپنی ذاتی سیاست کے لیے پریس کانفرنسز کے ذریعے افواہیں پھیلا رہا ہے۔ سینیٹر دنیش کمار نے زور دیا کہ عوام کو اس طرح کی افواہوں اور قیاس آرائیوں پر کان نہیں دھرا چاہیے اور حقیقت پر توجہ دینی چاہیے۔سینیٹر نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران وزیراعلی بلوچستان نے اپنی قیادت میں حکومت کے معاملات کامیابی سے چلائے اور صوبے میں امن و ترقی کے اقدامات جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ اب پانچ سالہ مدت کے لیے واضح طور پر کہا جا سکتا ہے کہ حکومت کا موجودہ سیٹ اپ مضبوط اور مستحکم ہے، اور کوئی بھی افواہ یا قیاس آرائی اس حقیقت کو بدل نہیں سکتی۔انہوں نے آخر میں عوام سے اپیل کی کہ وہ صوبائی قیادت پر اعتماد رکھیں اور کسی بھی افواہ یا گمراہ کن پراپیگنڈا سے متاثر نہ ہوں۔ سینیٹر دنیش کمار کے مطابق، وزیراعلی سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے منصوبے کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور آئندہ بھی عوامی خدمت جاری رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert