بلوچستان میں غیر قانونی اسمگلنگ اور جرائم کیخلاف زیرو ٹالرنس، قانون شکن عناصر کیخلاف بھرپور کارروائی جاری رہے گی، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی

دہشت گردوں اور اسمگلروں کے خلاف بڑی کامیابی 100 سے زائد دہشت گرد غیر موثر 3561 پمپس سیل، نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ضبط مدارس رجسٹریشن کا عمل تیز کرنیکا فیصلہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پروانشل ہارڈن دی اسٹیٹ کمیٹی کا اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں نیشنل و پروانشل ایکشن کمیٹیوں میں طے شدہ اہداف پر عمل درآمد اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات نے مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ ضلع کچھی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف 200 آپریشن کیے گئے ہیں، جبکہ شمالی علاقوں میں ایک سو دہشت گردوں کو غیر موثر کردیا گیا ہے۔
حکومتی کریک ڈاؤن کے اہم اعداد و شمار:
صوبے میں 3561 غیر قانونی پیٹرول پمپس سیل کر دیے گئے۔
کسٹم حکام نے 2575 آپریشن کیے، اور تین ماہ میں 416 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ضبط کی گئیں۔
مدارس کی رجسٹریشن اور تشکیل کردہ ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بحالی امن اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نیشنل اور پروانشل ایکشن کمیٹیز کے فیصلوں اور طے شدہ اہداف پر پوری تندہی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرائم، لاقانونیت اور بدامنی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل ہوگا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات سمیت اعلیٰ سیکورٹی حکام نے شرکت کی۔

WhatsApp
Get Alert