نیب کے نئے آرڈیننس کے تحت حمزہ شہباز نے بھی ریلیف مانگ لیا
لاہور (قدرت روزنامہ) مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے بھی نیب کے نئے آرڈیننس کے تحت لاہور ہائیکورٹ سے ریلیف مانگ لیا۔
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے نیب کے نئے آرڈیننس کے تحت رمضان شوگر ملز ریفرنس میں بریت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ، درخواست میں حمزہ شہباز کی جانب سے کہا گیا کہ جس نالہ کی تعمیر کا ذکر ہو رہا ہے وہ رمضان شوگر ملز یا کسی نجی ادارے کی ملکیت نہیں ۔درخواست میں کہا گیا کہ رمضان شوگر ملز کیلئے نالہ بنانے کے الزام میں دائر کردہ ریفرنس بےبنیاد ہے ، رمضان شوگر ملز کا میں اکیلا مالک نہیں ہوں، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہونے کی بنیاد پر مجھے ملزم نامزد کیا گیا ہے ، ریفرنس صرف بد نیتی اور سیاسی بنیاد پر مبنی ہے ۔
حمزہ شہباز نے نیب کے نئے آرڈنینس کو بنیاد بنا کر لاہور ہائیکورٹ میں بریت کی درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ جرم ثابت ہونے کا کوئی امکان نہیں لہٰذا عدالت بری کرنے کا حکم جاری کرے۔