خضدار: جعلی ڈاکٹروں اور غیر معیاری ادویات کیخلاف کریک ڈاؤن، 12 کلینکس اور ایک لیبارٹری سیل، بھارتی ادویات برآمد

خضدار ( ڈیلی قدرت )ڈپٹی کمشنر خضدار کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر خضدار عبدالحفیظ کاکڑ نے محکمہ ہیلتھ کی ٹیم کے ہمراہ خضدار سٹی اور مضافاتی علاقوں میں جعلی ڈاکٹرز اور غیر معیاری ادویات کے خلاف زبردست کارروائی کی ہے۔آج ایک مشترکہ ٹیم جس میں اسسٹنٹ کمشنر خضدار عبدالحفیظ کاکڑ ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نسیم لانگو اور ڈرگ انسپکٹر عبدالرشید شامل تھے، نے شہر کے ملحقہ علاقوں جعفرآباد اور خیراواہ خضدار میں چھاپے مارے۔ اس کاروائی کے دوران 20 نجی کلینکس اور ایک مشکوک لیبارٹری کی چیکنگ کی گئی ۔ جن میں سے 12 جعلی کلینکس اور ایک لیبارٹری کو فورا سیل کر دیا گیا ۔ متعدد میڈیکل اسٹورز سے گورنمنٹ لیبل والی ادویات اور ممنوعہ انڈین برانڈز کی ادویات برآمد کر کے ضبط کر لی گئیں ، مذید ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے اس کارروائی پر اسسٹنٹ کمشنر خضدار اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے ان کا کہنا تھاکہ یہ عوامی خواہشات کے عین مطابق ضلعی انتظامیہ کی بہت بڑی کاروائی ہے عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کو کسی صورت معافی نہیں ملے گی۔ ضلع بھر میں جعلی ڈاکٹرز ، غیر رجسٹرڈ کلینکس اور غیر قانونی ادویات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی ۔ دوسری جانب خضدار کے مختلف مکاتب فکر نے خضدار انتظامیہ اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی اس اہم کارروائی کوسراہا ہیاور کہاہے کہ یہ پہلی بار ہورہاہے کہ ایک درجن میڈیکلز اسٹورز کو سیل کردیا گیا ہے جس کے ساتھ ایک لیبارٹری بھی سیل ہوگیا ہے یہ خضدار کے شہریوں کا دیرینہ مطالبہ اور تمنا تھی کہ میڈیکل اسٹورز عطائی ڈاکٹرز اور غیر معیاری ادویات کے خلاف کاروائی ہو ۔ موجودہ ڈپٹی کمشنر خضدار کی قیادت میں یہ حقیقی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے جس پر وہ خراج تحسین کے لائق ہیں اور اس طرح کی کاروئیاں جاری رہنی چاہیئے ۔
