کوئٹہ: پولیس کا ایکشن ‘ 6 روز میں 21 ملزمان گرفتار، 10 منشیات اور نان کسٹم پیڈ گاڑیاں برآمد

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت ) کوئٹہ پولیس نے گزشتہ 6 روز کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے 21 ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں منشیات، اسلحہ، مسروقہ موٹر سائیکلیں اور نقدی برآمد کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ پولیس نے 6 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 10 کلو گرام چرس، 4 کلو کرسٹل (آئس) اور 3 لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد نقدی برآمد کرکے مقدمات درج کرلئے۔ غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے 4 ملزمان کے قبضے سے 4 پسٹل برآمد کیے گئے جبکہ 4 سنیچرز کو گرفتار کرکے ان سے چھینی گئی موٹر سائیکل قبضہ میں لے لی گئی۔ اس کے علاوہ موٹر سائیکل چوری کے مقدمہ میں ایک ملزم کو گرفتار کرکے مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کی گئی جبکہ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے 5 ملزمان کو بھی دھر لیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران 4 نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا گیا جبکہ ملزمان سے موبائل فونز اور یو ایس بیز بھی برآمد ہوئیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں شہر کو منشیات اور جرائم سے پاک کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہیں، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے یہ مشن جاری رہے گا اور شہر کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
