بی پی ایس سی کو مزید شفاف بنایا جائے، حق حقدار تک پہنچانا اداروں کا کام ہے، دور افتادہ علاقوں کے طلباء کی کامیابی خوش آئند: گورنر جعفر خان مندوخیل


کوئٹہ ( ڈیلی قدرت ) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ معاشرے میں میرٹ کو برقرار رکھنے اور حق کو حقدار تک پہنچانے میں اداروں کا کلیدی کردار ہے. یہ بات خوش آئند ہے کہ صوبےبھر کے دورافتادہ علاقوں کے طلباء و طالبات محدود وسائل کے باوجود مقابلہ کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کر رہے ہیں. گورنر مندوخیل نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے قائمقام چیئرمین اور ان کی پوری ٹیم پر زور دیا کہ وہ ادارے کو مزید بہتر اور شفاف بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ حق کو حقدار تک پہنچانے کی راہ ہموار ہو سکیں. یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے قائمقام چیرمین غلام علی بلوچ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یونیورسٹیوں اور اسکولوں کے درمیان باہمی ربط ایک مضبوط تعلیمی نظام کا سنگ بنیاد ہے۔ جسطرح اسکولوں کے طلباء وقت کے ساتھ یونیورسٹیوں تک پہنچ جاتے ہیں اور اپنے ساتھ علم اور ہنر کی بنیاد لاتے ہیں۔ اسطرح یونیورسٹیاں چھوٹے تعلیمی اداروں کو قابل اساتذہ فراہم کرتی ہیں جو جدید تدریسی تکنیکوں، نئے خیالات اور مضامین کی مہارت سے لیس ہیں۔ یہ بھی توجہ طلب بات ہے کہ یونیورسٹیوں کے فائن آرٹس ڈیپارٹمنٹس فارغ التحصیل ہونے والے گریجویٹس کو فائن آرٹس اور ڈرائنگ پڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں. گویا یونیورسٹیوں اور سکولوں کے درمیان باہمی رشتے میں توازن برقرار رکھ کر مجموعی تعلیمی نظام میں نمایاں بہتری لائی جاسکتی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ بلوچستان پبلک سروس کمیشن اپنے مقابلے کے امتحانات اور انٹرویوز کے ذریعے صوبے کو قابل آفیسران فراہم کریں تاکہ فوری طور پر ترقی و خوشحالی کے مطلوبہ نتائج برآمد ہو سکیں۔

WhatsApp
Get Alert