کوئٹہ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عذاب بن گئی، وولٹیج کی کمی نے ناک میں دم کر دیا: پشتونخوا میپ
بجلی کی بندش سے شہری ذہنی کوفت کا شکار، کیسکو ملازمین مالکان بن بیٹھے ہیں: بیان

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی ناروا غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے، مسلسل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے ، بلاوجہ غیر ضروری طور پر گھنٹوں گھنٹوں صبح سے شام تک بجلی بند کردی جاتی ہے اور شہریوں،گھریلو صارفین کو ذہنی کوفت کا شکار بنادیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے مختلف فیڈرز پر جاری لوڈشیڈنگ اور کیسکوکے ذیلی دفاتر عوام کے لیے درد سر بن چکے ہیں ۔ بعض دفاتر میں عملے کی غیر موجودگی ، بداخلاقی ، ناروا سلوک سے ایسا لگتا ہے کہ وہ ملازمین نہیں بلکہ کمپنی کے مالکان بن کر مفت بجلی فراہم کررہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تختانی بائی پاس ، مسلم اتحاد کالونی، پشتون آباد، شالدرہ ، پشتون درہ ، جان محمد روڈ، کواری روڈ، زمان روڈ، نیوفقیر محمد روڈ، فقیر محمد روڈ، اختر محمد روڈ، سرکی روڈ، کاسی روڈ، میکانگی روڈ ، خالق آباد، ڈبل روڈ، سریاب، موسیٰ کالونی ، کیچی بیگ ، ہزار گنجی ، کاکڑ ٹائون، بڑیچ آباد، رئیسانی ٹائون، الکوزئی کلی، غوث آباد ، لوڑ کاریز ، دیبہ ، ہدہ ، ترخہ ، بروری روڈ، ہزارہ ٹائون ، مشرقی بائی پاس، مغربی بائی پاس، احمد خان زئی بائی پاس، پشتون باغ، خروٹ آباد، خیزئی ، سمنگلی ، نوحصار، غبرگ،بلیلی ، کچلاغ، چشمہ ، عالمو، الماس، ہنہ اوڑک ، سرہ غورگئی ، نواں کلی ،ترین شار، پشتونستان چوک سمیت شہر کے اکثریت علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بجلی کی کم وولٹیج کے ساتھ فراہمی کا مسئلہ فوری حل طلب ہے۔ بیان میں کیسکو حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مذکورہ بالا علاقوں میں بجلی کی درست وولٹیج کے ساتھ فراہمی کو یقینی بنائیںاور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کرتے ہوئے بجلی کی ترسیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں۔
