عمران خان نے قوم کو شعور دیا، بلوچستان کا معاشی قتل عام بند کیا جائے: داؤد شاہ کاکڑ
ڈیرہ اللہ یار میں پی ٹی آئی کا پاور شو، 8 فروری کو عوام نے نظریہ ثابت کردیا: عارف رند کا خطاب

جعفرآباد(ڈیلی قدرت کوئٹہ)ڈیرہ اللہ یار میں پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام ورکر کنونشن منعقد ہوا جس میں بلوچستان کی صوبائی قیادت، ضلعی رہنماؤں اور پارٹی کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر داؤد شاہ کاکڑ نے کہا ہیکہ عمران خان کی جدوجہد کسی اقتدار، کرسی یا ذاتی مفاد کے لیئے نہیں بلکہ ملک میں گزشتہ کئی دہائیوں سے مسلط ظلم، جبر اور کرپشن کے نظام کے خاتمے کے لیئے ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ عمران خان نے عوام کو یہ شعور دیا ہے کہ اپنے حقوق کے لیئے خاموش رہنے کے بجائے میدان میں نکلنا ہوگا۔داؤد شاہ کاکڑ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کو جان بوجھ کر معاشی طور پر کمزور کیاجارہاہے، سرحدی تجارت بند کرکے لوگوں کے روزگار چھینے جا رہے ہیں، جس سے غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاہیکہ اگر عوامی مسائل کو مسلسل نظرانداز کیاگیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیاہے کہ طاقت کے زور پر قوموں کو زیادہ دیر دبایا نہیں جا سکتا اور عوامی مزاحمت آخرکار ایسے نظاموں کا خاتمہ کردیتی ہے۔انہوں نے عمران خان کے دورِ حکومت میں بلوچستان کے لیئے منظور ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہیکہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ بلوچستان کو قومی دھارے میں لانے اور یہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی۔ داؤد شاہ کاکڑ نے کارکنوں پر زور دیاہے کہ وہ منظم ہو کر پرامن جدوجہد جاری رکھیں اور عمران خان کے نظریے کو گھر گھر پہنچائیں۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم این اے کے امیدوار اور سینئر رہنما محمد عارف رند نے کہا ہیکہ بلوچستان پاکستان کا امیر ترین صوبہ ہے، جو معدنیات اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، لیکن اس کے باوجود یہاں کے عوام محرومیوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا ہیکہ یہ محرومیاں کسی اور کی نہیں بلکہ ایسی قیادت کی پیدا کردہ ہیں جو حقیقی معنوں میں بلوچستان اور اس کے عوام کی نمائندگی نہیں کر سکی۔عارف رند کا کہنا تھا کہ ماضی میں عوام کو بااثر خاندانوں اور نام نہاد قیادت کے پیچھے لگایا گیا، جنہوں نے اقتدار تو حاصل کیا مگر عوام کے مسائل حل نہ کیئے۔ انہوں نے کہا کہ آج عمران خان کی صورت میں ایک ایسی قیادت سامنے آئی ہے جس نے قوم کے ہر فرد کے دل میں اپنا نظریہ بسادیاہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے واضح پیغام دیا ہے کہ مسلمان دہشت گرد نہیں بلکہ امن پسند ہیں اور پاکستان امن پسند شہریوں کا ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان بے گناہ ہیں اور صرف اس لیئے قید میں ہیں کہ وہ حق بات کرتے ہیں، اسلام اور امتِ مسلمہ کے مؤقف کو دنیا کے سامنے جرات کے ساتھ پیش کرتے ہیں اور مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔ عارف رند نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات میں عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے ثابت کر دیا کہ وہ نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں اور آنے والے وقت میں جعفرآباد، نصیرآباد اور پورے بلوچستان میں پاکستان تحریک انصاف کو کامیابی دلائیں گے۔کنونشن میں پارٹی کیصوبائی جنرل سیکرٹری جہانگیرخان رند، ڈویڑنل صدر ایڈووکیٹ آدم خان رند سمیت دیگرسینئررہنماوں نے بھی خطاب کیا اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، نظم و ضبط اور جدوجہد کے ذریعے تحریک انصاف کی تحریک کو مزید مضبوط بنائیں۔ شرکائ نے عمران خان کے حق میں نعرے لگائے اور پارٹی قیادت کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیاہے۔
