اسٹیج پر فحش حرکات اور ڈانس کی بنا پر معروف تھیٹر سیل ، نوٹیفکیشن جاری
لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب آرٹس کونسل نے فحش ڈانس اور حرکات کی بناء پر ستارہ تھیٹر گجومتہ کو سیل کردیا ۔ جبکہ اداکاراؤں کو کسی قسم کی فنی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی ، نوٹیفکیشن جاری
تفصیلات کے مطابق پنجاب آرٹس کونسل نے ستارہ تھیٹر گجومتہ میں سٹیج اداکاراؤں کی طرف سے فحش ڈانس اور حرکات کا نوٹس لیتے ہوئے تھیٹر سیل کردیا ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اوپن ایئر تھیٹر باغ جناح کی نشاندہی پر ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے تھیٹر پر پابندی لگا ئی ہے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی طرف سے ستارہ تھیٹر کو مزید احکامات تک سیل کیا گیا ہے جبکہ فحش حرکات میں ملوث چار اداکاراؤںماہی بٹ، سونیا شہزادی،غزل راجہ، صائمہ چوہدری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے اور ان کو کسی قسم کی فنی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی ۔
یاد رہے کہ ستارہ تھیڑ گجومتہ پر اداکاراؤں کی طرف سے سٹیج پر فحش حرکات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جن کا نوٹس لیا گیا ہے ۔