کوئٹہ میں “دبئی والی چینی” 230 روپے کلو، گوشت اور سبزی عوام کی پہنچ سے دور، انتظامیہ غائب
گندم کی 100 کلو بوری 9 ہزار کی ہوگئی، مہنگائی کے طوفان نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں: عوامی ردعمل

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ )صوبائی دار الحکومت کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان میں مہنگائی ایک بار پھر اپنی عروج کو پہنچ گئی ہے کوئٹہ سمیت کئی اضلاع میں چینی ناپید ہو چکی ہے جس کے باعث چینی کی فی کلو میں 200 روپے سے لیکر 230روپے تک دبئی والی چینی فروخت کی جارہی ہے چینی کے ساتھ ساتھ اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں بھی بے تحاضہ اضافہ کر دیا گیا ہے۔ عوامی حلقوں نے شکایت کی ہے کہ بازار میں فارمی مرغی 800 روپے، ٹماٹر 100، بھنڈی 200، آلو 160، کریلہ 250، توری 150 اور دودھ 220 روپے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔ اسی طرح قصاب خانے میں بیف بغیر ہڈی 1500، ہڈی کے ساتھ 1200 جبکہ مٹن 2200 روپے فروخت کیا جارہا ہے۔ مہنگائی کے اس طوفان میں گندم کی 100 کلو بوری چھ ہزار روپے سے بڑھ کر 9000 روپے مقرر کردی گئی ہے۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی ہے کہ مہنگائی کے نام پر بننے والی غیر موثر پرائس کنٹرول کمیٹی کو ختم کرکے روزانہ کی بنیاد پر ریٹ مقرر کیے جائیں کیونکہ ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور غریب طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔
