کوئٹہ: فوڈ اتھارٹی کی تابڑ توڑ کارروائیاں، چائنیز نمک ضبط، مضر صحت آئل تلف، 25 مراکز پر جرمانے

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کرنے کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں خصوصی انسپیکشن مہم کا آغاز کیا۔ مہم کے دوران سمنگلی، مغربی بائی پاس، ایئرپورٹ روڈ، سریاب روڈ، علمدار روڈ، توغی روڈ، میکانگی روڈ، خدائیداد روڈ اور اسپنی روڈ کے کھانے پینے کے مراکز کی جامع جانچ پڑتال کی گئی۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق مجموعی طور پر 48 فوڈ پوائنٹس کی جانچ کی گئی، جن میں سے 25 مراکز میں قوانین کی خلاف ورزی کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔ اس دوران 16 ہوٹلوں، 4 فاسٹ فوڈ کارنرز اور 5 پیزا پوائنٹس پر جرمانے عائد کیے گئے۔انسپیکشن کے دوران متعدد مراکز میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، پکوان میں غیر معیاری چائنیز نمک اور مضرِ صحت اجزا کے استعمال، اور ورکرز کی ذاتی صفائی کی خراب حالت جیسی سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی ہوئی۔ بھاری مقدار میں چائنیز نمک ضبط کی گئی جبکہ ناقص اور مضرِ صحت کوکنگ آئل تلف کیا گیا۔ علاوہ ازیں معمولی نقائص والے 9 فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم نے کہا کہ عوام کی صحت اولین ترجیح ہے اور غیر معیاری خوراک کی تیاری و فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے فوڈ بزنس آپریٹرز پر زور دیا کہ وہ صفائی، معیاری اجزا کے استعمال اور فوڈ سیفٹی قوانین پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر جرمانے اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ شہر کے تمام علاقوں میں انسپیکشن مہم کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ عوام کو محفوظ، صاف اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔
