کوئٹہ میں فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن، 74 ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کی چیکنگ، 20 مراکز پر جرمانے

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بی ایف اے حاجی نور محمد خان کی ہدایات پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ شہر میں ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، پیزا پوائنٹس اور فاسٹ فوڈ مراکز کے خلاف خصوصی انسپیکشن اور کریک ڈان مہم جاری رکھی۔ اس دوران مجموعی طور پر 74 فوڈ پوائنٹس کی جانچ پڑتال کی گئی، جن میں ناقص صفائی، خراب کوکنگ آئل، مضر صحت رنگ، چائنیز نمک اور غیر معیاری اجزا کے استعمال کے علاوہ فوڈ بزنس لائسنس کے بغیر کام کرنے والے مراکز بھی شامل تھے۔معائنہ کے دوران 13 ہوٹلوں، 6 پیزا پوائنٹس اور 1 فاسٹ فوڈ کارنر پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ بڑی مقدار میں مضر صحت چائنیز نمک ضبط اور ناقابلِ استعمال کوکنگ آئل تلف کیا گیا۔ معمولی نوعیت کی خامیوں والے 18 مراکز کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔حاجی نور محمد خان نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ناقص خوراک کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کسی رعایت کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے فوڈ بزنس آپریٹرز سے کہا کہ مقررہ معیار، صفائی اور لائسنسنگ کے تقاضے پورے کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ترجمان کے مطابق حالیہ کارروائیاں نواں کلی، ہزار گنجی، سیٹلائٹ ٹان، طوغی روڈ، میکانگی روڈ، گولی مار چوک، بروری روڈ اور ایئرپورٹ روڈ سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں اور آئندہ دنوں میں انسپیکشن مہم مزید تیز کی جائے گی۔
