بلوچستان میں بجلی کے نظام کی بڑی اپ گریڈیشن: کوئٹہ، گوادر، ژوب اور تربت سمیت متعدد اضلاع میں ٹرانسمیشن لائنز اور گرڈ اسٹیشنز کی توسیع مکمل


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے صوبے بھر میں بجلی کے ترسیلی و تقسیم کے نظام میں انقلابی اصلاحات لاتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کے درجنوں ترقیاتی منصوبے کامیابی سے مکمل کر لیے ہیں جس کے نتیجے میں وولٹیج کی کمی اور ٹرپنگ کے مسائل پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔

کیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر یوسف شاہ خان کی خصوصی ہدایات اور نگرانی میں مکمل کیے جانے والے ان منصوبوں میں مری آباد، ڈیرہ بگٹی، تربت، نوشکی، ہوشاب، اوستہ محمد اور ژوب کے 132 کے وی گرڈ اسٹیشنز میں دوگنی استعداد کے حامل پاور ٹرانسفارمرز کی تنصیب شامل ہے جس سے ان علاقوں میں بجلی کی سپلائی مستحکم ہو گئی ہے، جبکہ مسلم باغ، سنجاوی، واشک اور کپوتو میں مختلف فیڈرز کی انٹر لنکنگ اور شفٹنگ کے ذریعے لوڈ کو متوازن کیا گیا ہے۔

مزید برآں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اوور لوڈڈ فیڈرز کی بائی فرکیشن اور 18 فیڈرز پر کپیسٹر بینکس کی تنصیب کے ساتھ ساتھ گوادر، پسنی اور اورماڑہ کے ساحلی علاقوں میں ELR اور DOP پروگرام کے تحت 319 نئے ایچ ٹی کھمبے نصب کر کے 7 اہم فیڈرز کی ری کنڈکٹرنگ (تاروں کی تبدیلی) کا کام بھی پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا ہے، جس سے ٹرانسفارمرز پر اضافی لوڈ ختم ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ کیسکو نے عوامی مفاد کے یہ تمام منصوبے اپنے ذاتی ترقیاتی فنڈز سے مکمل کیے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert