بلوچستان ہائی کورٹ کا بڑا حکم: صوبائی اسمبلی میں بھرتیوں کا عمل فوری طور پر معطل

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان ہائی کورٹ نے صوبائی اسمبلی میں جاری بھرتیوں کے عمل کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس گل حسن ترین پر مشتمل بینچ نے سلمان خان اور دیگر کی جانب سے دائر آئینی درخواست (C.P. No. 2134/2025) پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل بلال حیدر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل شائی حق بلوچ اور لاء آفیسر کریم گورگیج پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل اے جی نے پیرا وائز کمنٹس جمع کرانے کے لیے وقت طلب کیا جس پر عدالت نے مہلت دیتے ہوئے حکم جاری کیا کہ “اگلی تاریخِ سماعت تک بھرتیوں کا عمل معطل رہے گا”۔ کیس کی مزید سماعت موسم سرما کی تعطیلات کے بعد ہوگی۔ واضح رہے کہ اس کیس میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی، سیکرٹری اسمبلی، چیف سیکرٹری اور بی پی ایس سی (BPSC) کو فریق بنایا گیا ہے۔
