محمود خان اچکزئی کا اپوزیشن لیڈر بننا جمہوری قوتوں کی فتح ہے ، عمران خان کی رہائی اور آئین کی بحالی کیلئے 8 فروری کو ملک گیر ہڑتال ہوگی ‘ پشتونخواملی عوامی پارٹی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) (پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں ملک کے جمہوری صف کے عظیم رہبر پشتونخواملی عوامی پارٹی کے محبوب چیئرمین تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرر ملک کے قومی،سیاسی جمہوری قوتوں کی عظیم کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے اس پر محمود خان اچکزئی اور عمران خان اور تمام عوام کو دل کی اتاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک سخت ترین بحرانوں میں گر چکا ہے، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ملک کے ہمہ جہت بحران مزید گہرے ہوتے جارہے ہیں۔ ملک کا متفقہ آئین کو فارم 47کے نمائندوں سے پائمال کرنا، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی کا خاتمہ کرنا، صوبائی خودمختاری اور صوبوں کے حوالے کرنے والے ادارے اور ان کا اختیار چھیننے او ر آئین کا حلیہ بگاڑنے، ملک اور اس کے مستقبل کو داؤ پر لگانے کے جاری عمل کو روکنا اور ملک کو حقیقی جمہوری اور فیڈرل پارلیمانی خطوط پر استوار کرنا وقت اور ملکی حالات کا ضروری تقاضا بن چکا ہے۔ اور محمود خان اچکزئی خان شہیدعبدالصمد خان اچکزئی سے لیکر اب تک ملک کے حقیقی جمہوری صف پر استوار کرنے اور غیر جمہوری قوتوں کا راستہ روکنے کے لیے ماضی میں بھی بہت بڑی سیاسی جمہوری کردار ادا کرچکے ہیں اور آئندہ بھی ادا کرتے رہینگے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ محمود خان اچکزئی عمران خان کی رہائی، ملک میں حقیقی جمہوریت، جمہوری نظام اور ملک کے متفقہ آئین کو بحال کرنے،،پارلیمنٹ کو طاقت کا سرچشمہ بنانا، ملک کے تمام ادارے پارلیمنٹ کے تابع کرنے، خصوصاً خارجہ داخلہ پالیسیوں کی تشکیل عوام کے منتخب پارلیمنٹ سے کرانے، فیڈریشن کے ایوان زیرین کو حاصل اختیارات کو ایوان بالا سینٹ کوبرابر اختیارات دلانے کی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کرنا جدوجہد کا حصہ ہوگی۔ بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کے پارٹی کے تمام ایم این ایز، سینٹ ممبران، تحریک تحفظ آئین پاکستان ودیگر اداروں کے منتخب نمائندوں، کارکنوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا ہے اور عمران خان کی مسلسل جیل میں مضبوط ارادے،استحکامت اور جراء ت پر انہیں داد تحسین پیش کیا گیا ہے۔ اور پارٹی تمام ملک کے قومی سیاسی جمہوری پارٹیوں اور قوتوں کو یقین دلاتی ہے کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی اور حقیقی جمہوریت کے قیام تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے 8فروری2026کو ملک بھر میں پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنانا اور مسلط غیر منتخب حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا اور ملک کو حقیقی جمہوری راسے پر ڈالنا وقت کی ضرورت بن چکا ہے اور پارٹی محمود خان اچکزئی کی رہبری میں اپنی مثبت تعمیری سیاسی جمہوری کردار ادا کرتی رہیگی۔

WhatsApp
Get Alert