مستونگ میں سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، بی ایل اے کے 5 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد

مستونگ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ضلع مستونگ کے علاقے دشت میں کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی(بی ایل اے) سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک دہشت گرد کوئٹہ۔سبی قومی شاہراہ کو بلاک کر کے تخریب کاری کی کارروائیاں کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائی 19 جنوری کی شام 4 بج کر 45 منٹ پر عمل میں لائی گئی۔ سی ٹی ڈی کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ مسلح دہشت گردوں کا ایک گروہ دشت کے قریب پہاڑی علاقے میں موجود ہے اور اہم شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے بدامنی پھیلانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اطلاع کی بنیاد پر سی ٹی ڈی کی ٹیم نے فوری کارروائی کی، جس کے دوران دہشت گردوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ شدید مقابلے کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، تاہم ان کے دیگر ساتھی دشوار گزار پہاڑی راستوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 5 سب مشین گنز (ایس ایم جیز)، 7 دستی بم اور 3 موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ سی ٹی ڈی نے بتایا کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری اور باقی ماندہ نیٹ ورک کے مکمل خاتمے کے لیے علاقے میں سرچ اور کومبنگ آپریشن جاری ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ واقعے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی کوئٹہ میں درج کر لیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق بلوچستان میں امن و امان کو خراب کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
