ملازمین کے مطالبات پر کریک ڈاؤن ناقابلِ قبول؛ پشتونخواملی عوامی پارٹی کی بلوچستان گرینڈ الائنس کے وفد سے ملاقات میں حمایت کا اعلان


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان گرینڈ الائنس کے ایک نمائندہ وفد نے محمد قاسم جمالی ، محمد طاہر ھوتک ، سکندر لہڑی، محمد سعید بوری وال، نعمت کاکڑ ، ارباب نصراللہ کاسی کی قیادت میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر پارٹی کے صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری صورت خان کاکڑ ، ضلع آفس سیکرٹری نصیب اللہ نیازی بھی موجود تھے۔ وفد نے گرینڈ الائنس کے جاری احتجاجی تحریک اور درپیش صورتحال سے آگاہ کیا۔ پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی گرینڈ الائنس ملازمین کے تمام جمہوری قانونی جائز مطالبات کے لیے جاری تحریک پر کریک ڈائون، گرفتاریوں، چھاپوں ، چادر وچاردیواری کے تقدس کی پائمالیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ الائنس کے 400سے زائد ملازمین اس وقت شدید سردی میں جیلوں میں ہیں ۔ عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے حکومت کی تمام توجہ بلوچستان گرینڈ الائنس کے خلاف غیر جمہوری اقدامات پر مرکوز ہیں ۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی ہر فورم پر اس کی مذمت کریگی۔

WhatsApp
Get Alert