کوئٹہ میں وزیراعلیٰ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبے سست روی کا شکار، فنڈز کی کمی اور موسم کی وجہ سے شہری مشکلات سے دوچار

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں وزیر اعلی ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت کرانے جانے والے منصوبے سست روی کا شکار ہوگئے ہیں جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کوئٹہ میں وزیر اعلی ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت سمنگلی روڈ، جناح روڈ، زرغون روڈ کی توسیع، سریاب روڈ کی ڈرینج اور سروس روڈ کی تعمیر اور نیو سبزل روڈ سے ائیر پورٹ روڈ تک نئی شاہراہ کی تعمیر کا کام جاری ہے، مگر کئی ماہ گذرنے کے باوجود یہ تعمیرات مکمل نہ ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر اور شہری پریشان ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ملک کے دیگر علاقوں میں چند ماہ میں بڑے منصوبے مکمل ہو جاتے ہیں مگر کوئٹہ میں معمولی سڑک کی تعمیر میں بھی طویل عرصہ لگ رہا ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلی ڈویلپمنٹ پیکج کے پروجیکٹ ڈائریکٹر رفیق بلوچ کا کہنا ہے کہ سرد موسم اور فنڈز کی فراہمی میں تاخیر کی وجہ سے ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل نہیں ہوسکے، تاہم دو ماہ کے اندر سمنگلی روڈ، جناح روڈ اور زرغون روڈ کی سڑکوں کی تعمیر مکمل کر لی جائے گی۔
