بلوچستان بھر میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کا راج، سردی کی شدت میں اضافہ، قلات اور کوئٹہ میں پارہ گر گیا


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواں، گرج چمک، موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی وقفے وقفے سے بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے جبکہ مطلع ابر آلود ہے۔چاغی کے علاقے چھتر میں اچانک موسم کی شدت میں اضافہ ہوا اور تیز گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری شروع ہو گئی، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چاغی کے دیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔نوشکی شہر اور گردونواح میں بارش اور ژالہ باری سے موسم سرد ہو گیا ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تحصیل سنجاوی میں ہلکی بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔قلعہ عبداللہ، پشین اور قلعہ سیف اللہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری جاری ہے، جس کے بعد موسم خوشگوار مگر سرد ہو گیا ہے۔ زمینداروں نے بارش کو فصلوں کے لیے مفید قرار دیا ہے تاہم شدید بارش سے بعض علاقوں میں مشکلات بھی پیدا ہو سکتی ہیں۔قلات شہر اور گردونواح میں ژالہ باری کے باعث زمین نے سفید چادر اوڑھ لی جبکہ تیز بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔تحصیل تربت اور ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ چند روز کی شدید گرمی کے بعد بارش نے موسم میں واضح تبدیلی پیدا کی، تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق رات تک مزید بارش متوقع ہے جس سے سردی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، پشین، مسلم باغ، ژوب، زیارت، بارکھان، سبی اور قلات میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے جبکہ کیچ، پنجگور، واشک، خاران، خضدار اور گوادر میں بھی موسمی سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔کم سے کم درجہ حرارت کوئٹہ اور قلات میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ، زیارت میں 2 ڈگری، ژوب میں 5 ڈگری، سبی میں 13، تربت میں 15، نوکنڈی میں 13 اور چمن میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے شہریوں، مسافروں اور کسانوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاط برتیں، بجلی کے کھمبوں اور کمزور عمارتوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

WhatsApp
Get Alert