روپے پر دباؤ آتا ہے تو ہم IMF کے پاس جاتے ہیں، وزیر اعظم
لاہور (قدرت روزنامہ)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں، جیسے ہی ہماری اکانومی بہتر ہوتی ہے ڈالر کی کمی ہوجاتی ہے، ڈالر کی کمی سے روپے پر دباؤ آتا ہے، ہمیں 20 مرتبہ آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے۔
لاہور میں وزیراعظم عمران خان نےاسپیشل ٹیکنالوجی زون، ٹیکنا پولس کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری 22 کروڑ کی آبادی میں 60 فیصد آبادی نوجوان ہے، ہم آئی ٹی میں پیچھے رہ گئے ہیں مگر اب ہم آئی ٹی کی طرف تیزی سے بڑھ سکتے ہیں، ہندوستان کی آئی ٹی میں ڈیڑھ سو ارب کی ایکسپورٹ ہے، ہماری آئی ٹی میں دو ارب کی ایکسپورٹ ہے۔
انہوں نے کہاکہ 700 ایکڑ کی زمین کو آپ نے اسپیشل ٹیکنالوجی زون کیلئے استعمال کیا، آئی ٹی پارک بنانے کا مقصد ان کی مدد کرنا اور رکاوٹیں دور کرنا ہے، آئی ٹی میں خواتین کیلئے بہت بڑے مواقع ہیں، نوجوانوں کو روزگار مل سکتا ہے۔
عمران خان کاکہنا تھا کہ جب تک ایکسپورٹ نہیں بڑھتی ملکی دولت نہیں بڑھے گی، اوپر کی سطح پر کرپشن ہوتی ہے تو دولت ملک سے باہر چلی جاتی ہے، جب تک گڈ گورننس نہیں ہوتی سرمایہ کاری نہیں آتی،چین نے متواتر پلاننگ کرکے اپنی ایکسپورٹ بڑھائی اور ترقی کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ باہر قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے قیمتیں بڑھی ہیں،باہر سے چیزیں امپورٹ کرتے ہیں تو مہنگائی ہوتی ہے، ہم آئی ٹی کمپنیوں کے لئے آسانی پیداکریں گے تاکہ وہ یہاں آکر سرمایہ کاری کریں، ہمارا مقصد ہے کہ ٹیکنالوجی سے پاکستان فائدہ اٹھائے۔