این اے 251: خوشحال خان کاکڑ کی کامیابی حق و انصاف کی فتح ہے، فارم 47 کے ذریعے عوامی رائے مسخ کرنے سے جمہوریت کو نقصان پہنچا، اصغر خان اچکزئی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے حلقہ این اے 251 قلعہ سیف اللہ ژوب شیرانی سے پشتون خوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ کے حق میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے حق و انصاف کی فتح قرار دیا ہے؛ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ صرف آئینی و قانونی تقاضوں سے ہم آہنگ ہے بلکہ یہ عوامی مینڈیٹ کے احترام کی بھی توثیق کرتا ہے، خوشحال خان کاکڑ کی کامیابی درحقیقت عوام کی واضح رائے کا اظہار ہے جو پہلے دن سے روزِ روشن کی طرح عیاں تھی تاہم فروری 2024 کے انتخابات کے دوران جہاں حقیقی نمائندوں کو فارم 47 کے ذریعے پارلیمان سے باہر رکھا گیا اس میں خوشحال خان کاکڑ بھی شامل تھے؛ جس انداز میں مبینہ طور پر عوامی رائے کو مسخ کیا گیا اور فارم 47 کے اجرا کے ذریعے نتائج کو متنازع بنایا گیا اس سے جمہوری اقدار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا؛ اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ عدالتی فیصلے نے سچ اور حق کو بالآخر سرخرو کیا اور عوام کے اعتماد کو بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے پشتون خوا نیشنل عوامی پارٹی کے کارکنوں اور رہنماؤں کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ خوشحال خان کاکڑ پارلیمان میں حقیقی جمہوریت کی بحالی، آئین کی بالادستی، محکوم اقوام کے وسائل پر ان کے حقِ اختیار اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور آواز اٹھائیں گے؛ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں پائیدار سیاسی استحکام اسی وقت ممکن ہے جب عوام کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے اور جمہوری عمل کو شفاف اور غیر جانبدار بنایا جائے۔

WhatsApp
Get Alert