خوشحال خان کاکڑ کی قومی اسمبلی میں کامیابی پر اسلام آباد میں شاندار تقریب، عوامی و سیاسی حلقوں کی بھرپور شرکت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین Khushhal Khan Kakr کی قومی اسمبلی کی نشست پر کامیابی کے موقع پر اسلام آباد میں ایک شاندار اور پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کر کے انہیں دلی مبارکباد پیش کی۔
تقریب میں بزرگوں، نوجوانوں، طلبہ، سیاسی و سماجی کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور انداز میں شرکت کی اور اس کامیابی کو جمہوری جدوجہد کی فتح قرار دیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم مختلف پشتون قبائل کے بزرگ، نوجوان اور طلبہ بڑی تعداد میں چیئرمین سے ملاقات کے لیے پہنچے، انہیں ہار پہنائے گئے، گلدستے پیش کیے گئے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔
شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ خوشحال خان کاکڑ اپنے والد ملی شہید عثمان خان کاکڑ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے محکوم و مظلوم عوام، خصوصاً پشتون ملت کے آئینی، جمہوری اور قومی حقوق کے حصول کے لیے ہر سطح پر مؤثر آواز بلند کریں گے۔
مقررین نے کہا کہ یہ کامیابی صرف ایک نشست کی فتح نہیں بلکہ اصولی سیاست، آئین کی بالادستی، جمہوری روایات کے استحکام اور قومی وقار کی بحالی کی جدوجہد کی کامیابی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خوشحال خان کاکڑ قومی اسمبلی میں قومی حقوق، عوامی مسائل، نوجوانوں کے چیلنجز، تعلیم، روزگار، امن و امان اور صوبائی خودمختاری جیسے اہم معاملات کو بھرپور انداز میں اجاگر کریں گے۔
تقریب میں پارٹی کے صوبائی صدر Nasrullah Khan Zare، مرکزی کمیٹی کے رکن Sardar Allah Yar Khan Jogezai، ضلع اسلام آباد/راولپنڈی کے سیکریٹری Qadir Khan Sherkhani، پی ایس او کے رہنما Arsalan Roshan اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
اختتام پر ملک میں جمہوریت کے فروغ، آئین کی بالادستی، قومی حقوق اور پشتون عوام کے حقوق کے حصول کے لیے عزم کا اظہار کیا گیا، جبکہ خوشی کے موقع پر اسلام آباد میں تقریبات دیر تک جاری رہیں۔ علاوہ ازیں سید مامون آغا کی جانب سے پارٹی چیئرمین کے اعزاز میں اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پرتکلف افطار ڈنر بھی دیا گیا۔
