پنجاب، KP بلدیاتی انتخابات پر حکمتِ عملی طے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ہونے والا سپریم کمیٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ختم ہو گیا جس میں پنجاب اور خیبر پختون خوا کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکمتِ عملی طے کی گئی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس میں خیبر پختون خوا میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی الیکشن میں ہونے والی غلطیاں آئندہ بلدیاتی انتخابات میں نہ دہرانے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ پارٹی امیدواروں کے ٹکٹس کا خود جائزہ لے کر فیصلہ کروں گا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کو صوبے میں پارٹی کارکنان کو منظم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختون خوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں شکست کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان نے صوبۂ پنجاب اور خیبر پختون خوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے محاذ کے حوالے سے 21 رکنی سپریم کمیٹی قائم کی تھی۔اس ضمن میں سپریم کمیٹی کا آج پہلا اجلاس اسلام آباد میں ہوا ہے۔