بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن: کوئٹہ میں مضر صحت آئسکریم یونٹ سیل، 17 مراکز پر جرمانہ، بچوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم

(ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے صوبے بھر میں ناقص اور مضر صحت اشیاء خوردونوش کے خلاف کارروائیوں کے دوران پنجگور، کوئٹہ اور لورالائی میں مجموعی طور پر 17 مراکز پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ کوئٹہ کے علاقے سریاب میں ایک غیر قانونی آئسکریم پروسیسنگ یونٹ کو سیل کردیا گیا ہے؛ سریاب میں کارروائی کے دوران مضر صحت آئسکریم اور آئس لولیز تیار کرنے والے یونٹ کا انکشاف ہوا جہاں ناقص اجزاء، مضر رنگوں، مس لیبلنگ اور لائسنس کے بغیر مصنوعات کی تیاری پر بڑی مقدار میں اسٹاک تلف کر دیا گیا اور یونٹ کو فوری طور پر سیل کر کے پیکجنگ میٹریل ضبط کر لیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے حبیب اللہ خان کا کہنا تھا کہ بچوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور اتھارٹی تمام فوڈ بزنسز پر بلا امتیاز قوانین کا یکساں نفاذ یقینی بنا رہی ہے؛ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر معیاری خوراک کی فروخت کی صورت میں فوری طور پر اتھارٹی کو آگاہ کریں تاکہ گلے کے امراض اور دیگر انفیکشن پھیلانے والے عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جا سکے۔
