اپنے اپنے گھروں کی مرمت کروالیں ، 24 اضلاع میں موسلادھار بارشیں اور 6 اضلاع میں شدید برفباری ہوگی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) 24 اضلاع میں موسلادھار بارشیں اور 6 اضلاع میں شدید برفباری امکان، شہریوں کیلئے الرٹ جاری، شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت، پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کے آغاز کے بعد کئی علاقوں میں صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہونے کے باعث پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے سے 24 اضلاع موسلادھار بارشوں اور 6 اضلاع شدید برفباری کی زد میں آ سکتے ہیں،

اس صورتحال میں شہریوں کو تلقین کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے ہر ممکن طور پر گریز کیا جائے گا۔ جبکہ متعلقہ حکام کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سرکاری مشینری تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے دوسری جانب ملک بھر میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد جبکہ مطلع ابر آلود رہے گا، تاہم بالائی، وسطی بلوچستان ،خیبر پختونخوا،خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اورکشمیر میں بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتے کی شام ملک میں داخل ہوگا جس کے بعد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند ، اسموگ میں کمی کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان، خیبر پختونخواہ اور پنجاب کے کچھ علاقوں میں بارش اور کئی علاقوں میں برفباری ہوئی۔ جمعہ کو ملک میں کم سے کم درجہ حرارت گوپس میں منفی08،اسکردو میں منفی 05، کالام میں منفی 04، استور، مالم جبہ میں منفی 03، قلات، راولاکوٹ میں منفی 02، ژوب، پاراچنار میں منفی 1ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔