برطانیہ نے آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکا کی بحری مدد کی درخواست مسترد کر دی

لندن(قدرت روزنامہ)برطانیہ نے آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکا کی بحری مدد کی درخواست مسترد کر دی۔
برطانوی اخبار کے مطابق برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح طور پر آگاہ کر دیا کہ برطانیہ اس مقصد کے لیے اپنے جنگی جہاز بھیجنے کے لیے تیار نہیں۔
رپورٹ کے مطابق کیئر اسٹارمر نے آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے امریکی صدر کی مدد کی اپیل قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز آبنائے ہرمز کو کھولنے کے لیے چین سمیت مختلف ممالک سے تعاون کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ چین، فرانس، جاپان، جنوبی کوریا، برطانیہ اور دیگر ممالک اپنے جنگی جہاز اس اہم بحری گزرگاہ میں بھیجیں گے۔
تاہم ٹرمپ کی اپیل پر عالمی سطح پر خاص ردِعمل سامنے نہیں آیا۔ جاپان نے اپنے بحری جہاز بھیجنے سے انکار کر دیا جبکہ چین نے بھی اس مطالبے پر خاموشی اختیار کر لی۔
جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ وہ امریکی اپیل کا جائزہ لے رہا ہے اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، جبکہ فرانس اس سے قبل ہی خطے میں اپنے بحری جہاز بھیجنے سے انکار کر چکا ہے۔
