موٹرسائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کے معاملے میں ہراسانی اور بیجا تنگی سے کام نہ لیا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائی کورٹ نے موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ کے معاملے کی گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔
عدالت نے ہدایت کی ہے کہ اس معاملے میں عوام کو ہراساں کرنے، دھمکانے یا پولیس کی جانب سے غیر ضروری تنگ کیے جانے سے مکمل گریز کیا جائے۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ توقع کی جاتی ہے کہ کسی بھی طرح کی ہراسانی، دھونس یا پولیس کی جانب سے بیجا تنگی نہیں کی جائے گی۔
درخواست گزار کے وکیل نے سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے عوام کو ہراساں کرنے اور تنگ کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا، جبکہ سرکاری وکیل نے متعلقہ حکام سے ہدایات لینے اور عدالت کی معاونت کے لیے وقت طلب کیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک صفحے پر مشتمل سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی آئندہ سماعت 6 اپریل کو مقرر کر دی ہے۔
