پشاور کے علاقہ سفید سنگ کے رہائشیوں نے سعودی عرب سے بھی پہلے عید منالی

عیدالفطر کی نماز ادا کرنے بعد شہریوں کی جانب سے ایک دوسرے کو مبارکبادیں بھی دی گئیں


پشاور(قدرت روزنامہ)صوبہ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کے علاقہ سفید سنگ کے رہائشیوں نے سعودی عرب سے بھی پہلے عید منالی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے سفید سنگ میں آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے جہاں کے رہائشیوں کی جانب سے سعودی عرب سے بھی پہلے عید مناتے ہوئے علاقہ مسجد میں عیدالفطر کی نماز بھی ادا کر دی گئی جہاں شہریوں نے ایک دوسرے کو مبارکبادیں بھی دیں۔
اس کے علاوہ پاکستان میں مقیم بوہری برادری آج عید الفطر جوش و جذبے کے ساتھ منارہی ہے اور نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعائیں کی گئیں، عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع کراچی کے علاقے صدر کی طاہری مسجد میں منعقد ہوا، جہاں بڑی تعداد میں بوہری جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد نے نمازِ عید ادا کی، شہر قائد کے علاقوں پان منڈی، سولجر بازار، بلوچ کالونی اور حیدری میں بھی نمازِ عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، اس موقع پر بوہری جماعت کے افراد نے ایک دوسرے کے ساتھ خوشیاں بانٹیں اور ملکی امن و استحکام کے لیے دعا کی۔
بتایا گیا ہے کہ نمازِ عید کے اجتماعات میں ملک و قوم کی بقا، سالمیت، امن و امان کے لیے بھی دعائیں کی گئیں خصوصی طور پر دہشت گردی کے خاتمے، ملک کی ترقی اور خوش حالی کے لیے بھی دعائیں مانگی گئیں، بوہری برادری کے افراد نے نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دی، بوہری برادری کے نمازِ عید کے اجتماع کے موقع پر سندھ حکومت کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
بتایا جارہا رہے کہ افغانستان میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے جب کہ سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا جہاں عید جمعہ کو منائی جائے گی اور پاکستان میں عید کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، عید کا چاند دیکھنے کےلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا، اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی شہادتوں کے جائزے کے بعد عیدالفطر کےچاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کرے گی۔

WhatsApp
Get Alert