تحریک انصاف ‘ادھار کے مال’ اور ‘کلرکوں’ کے قبضے میں ہے، فواد چودھری کا قیادت پر شدید برہمی کا اظہار

چھوٹے لوگوں کو بڑے عہدے دینے سے پارٹی تباہ ہوگئی، پی ٹی آئی اور تحریک تحفظِ آئین غیر متعلقہ ہو چکے، عمران خان کی رہائی کیلئے اصل لوگ میدان میں آئیں، سابق وفاقی وزیر کا کڑا وار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ قیادت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی اس وقت ایسے لوگوں کے ہاتھ میں ہے جن کی سوچ ان کے پاؤں سے آگے نہیں اور جنہیں سیاست کے بجائے کلرک ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اب بھی ہوش کے ناخن نہ لیے گئے تو عوام نون لیگ اور پیپلز پارٹی کی اگلی نسلوں کے غلام بن جائیں گے۔
اپنے تازہ ترین بیان میں فواد چودھری نے تحریک انصاف اور تحریک تحفظِ آئین کو موجودہ ملکی سیاست میں مکمل طور پر “غیر متعلقہ” قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پارٹی ایسے لوگوں کو ‘ادھار کے مال’ کے طور پر تھما دی گئی ہے جن کا تمام تر فوکس صرف اپنے غیر اہم عہدوں تک محدود ہے۔ ان لوگوں کو نہ تو تنظیم سازی کا تجربہ ہے اور نہ ہی ملکی و بین الاقوامی حالات کا کوئی ادراک ہے۔
فواد چودھری نے بانی پی ٹی آئی کی طویل قید کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی غیر آئینی اور غیر قانونی قید کو ایک ہزار دن سے زائد ہو چکے ہیں، لیکن موجودہ قیادت کو کچھ معلوم نہیں کہ کرنا کیا ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سیاسی اور انتظامی طور پر مکمل بیٹھ چکا ہے، جہاں قوم پرست اور فرقہ ورانہ مفادات پارٹی اور ملک کے مفادات کو تہہ و تیغ کر رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے “اصل” تحریک انصاف کے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مایوسی ختم کریں اور صرف ایک نکاتی ایجنڈے یعنی “عمران خان کی رہائی” پر لائحہ عمل بنائیں۔ انہوں نے سخت الفاظ میں کہا کہ موجودہ قابض لوگوں سے نہ کچھ ہوا ہے اور نہ کچھ ہوگا، چھوٹے لوگوں کو بڑے عہدے دینے سے ان عہدوں کی اہمیت ہی ختم ہو کر رہ گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert