میٹرک امتحانات کے بارے میں حکومت کا بڑا اعلان، سب کچھ بدل گیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث فیڈرل بورڈ نے 4 ممالک میں میٹرک کے امتحانات ملتوی کر دیئے۔ میٹرک کے امتحانات 31 مارچ 2026 کو شروع ہونے تھے۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر چار ممالک میں میٹرک (دسویں جماعت) کے امتحانات ملتوی کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ طلباء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ جن ممالک میں امتحانات ملتوی کیے گئے ہیں ان میں ایران، کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین شامل ہیں۔
یاد رہے کہ ان ممالک میں میٹرک کے امتحانات 31 مارچ 2026 کو شروع ہونے تھے تاہم علاقائی سلامتی کے خدشات کے باعث فی الحال ان کو روک دیا گیا ہے۔
فیڈرل بورڈ نے واضح کیا ہے کہ ملتوی ہونے والے امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان حالات سازگار ہونے پر کیا جائے گا اور طلباء اور والدین کو نئے شیڈول سے پہلے ہی آگاہ کر دیا جائے گا، اس لیے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
دوسری جانب پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے تحت میٹرک کے پہلے سالانہ امتحانات 2026 کل 26 مارچ سے شروع ہو رہے ہیں۔
پرائیویٹ طلباء اپنی رول نمبر سلپس متعلقہ بورڈز کی ویب سائٹس سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ پنجاب میں امتحانات کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
