وسائل پر اختیار اور ڈیورنڈ لائن پر تجارتی راستوں کی بندش کے خلاف پُرامن جمہوری جدوجہد تیز کی جائے گی، خانوزئی میں خوشحال خان کاکڑ کے زیرِ صدارت شمولیتی اجتماع، 69 سیاسی و سماجی کارکنان کی شمولیت

خانوزئی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع پشین کے علاقہ کاریزات، دَ لسورہ میں پارٹی کے زیرِ اہتمام ایک بڑا اور پُرجوش شمولیتی اجتماع منعقد ہوا، جس کی صدارت پارٹی کے چیئرمین اور رکنِ قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے کی۔ اجتماع میں علاقے کے معززین، قبائلی عمائدین، نوجوانوں، طلبہ، سماجی و سیاسی کارکنوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر 69 سیاسی کارکنوں سماجی شخصیات نے اپنے ساتھیوں سمیت پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا، جس پر اجتماع میں موجود کارکنوں نے زبردست نعروں کے ذریعے ان کا خیرمقدم کیا۔ اجتماع سے پارٹی چیرمین خوشحال خان کاکڑ، مرکزی سیکریٹری اللہ نور خان، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری و ضلع سیکریٹری پشین محمود ریاض، عبدالرازق اور نظام خان کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے پارٹی میں شامل ہونے والے نئے ساتھیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ایک نظریاتی، جمہوری اور عوامی جماعت ہے جو پشتون ملت کے سیاسی، معاشی اور قومی حقوق کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔

مقررین نے کہا کہ غیور پشتون ملت کی موجودہ تباہی، بدحالی، پسماندگی، بے روزگاری اور غربت کی بنیادی وجوہات سیاسی بے اختیاری، معاشی استحصال اور قومی محکومی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اکیسویں صدی میں بھی پشتون عوام بنیادی سہولیات جیسے تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، سڑکوں اور روزگار کے مواقع سے محروم ہیں۔ قدرتی وسائل سے مالا مال خطے کے باشندے آج بھی بہتر زندگی کی تلاش میں دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں اور دو وقت کی روٹی کے حصول کے لیے سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا وطن میں بدامنی اور نام نہاد دہشت گردی کے باعث معاشرتی، تعلیمی اور اقتصادی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں نوجوانوں کا مستقبل غیر یقینی کا شکار ہو چکا ہے۔ مقررین نے اس امر پر بھی تشویش ظاہر کی کہ افغانستان کے ساتھ ڈیورنڈ لائن پر قائم بیشتر تجارتی راستوں کی بندش نے ڈیورنڈ لائن سے متصل علاقوں کی معیشت کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔ اس سے نہ صرف چھوٹے تاجروں اور مزدوروں کے روزگار متاثر ہوئے ہیں بلکہ پورے خطے میں معاشی جمود پیدا ہو گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی پشتون ملت کو درپیش ان تمام مسائل کے حل کے لیے ایک جامع، منظم اور پُرامن جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ مقررین نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ باشعور عوام، نوجوان اور سیاسی کارکن متحد ہو کر اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں اور ایک مضبوط سیاسی پلیٹ فارم کے ذریعے قومی خودمختاری، وسائل پر اختیار اور باوقار زندگی کے حصول کی جدوجہد کو تیز کریں۔ اجتماع کے اختتام پر پارٹی قیادت نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کے نظریے، پروگرام اور قومی پیغام کو گاؤں گاؤں اور گھر گھر تک پہنچائیں، عوام میں سیاسی شعور بیدار کریں اور ایک متحد، ترقی یافتہ اور بااختیار پشتون معاشرے کی تشکیل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔
