یوٹیوبر رجب بٹ کی عید پر سلمان خان کی نقل، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کڑی تنقید کا سامنا

لاہور (قدرت روزنامہ) معروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، اس بار ان کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر اپنے گھر کی بالکونی سے مداحوں کو خوش آمدید کہنے کی ویڈیو تنازع کا شکار ہو گئی ہے جسے سوشل میڈیا صارفین نے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی صریح نقل قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، عید کے روز رجب بٹ نے اپنی بالکونی میں آ کر نیچے موجود مداحوں کے سامنے بالکل اسی روایتی انداز میں ہاتھ ہلایا جس طرح سلمان خان ہر سال عید پر ممبئی میں اپنی رہائش گاہ کے باہر جمع فینز کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ یوٹیوبر کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی تنقید کا ایک نیا طوفان کھڑا ہو گیا ہے اور صارفین نے نہ صرف اس عمل کو نقل قرار دیا بلکہ ان پر سخت تنقید بھی کی۔ مختلف پلیٹ فارمز پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے طنزاً لکھا کہ یہ تو سلمان خان کا ‘ٹیمو’ ورژن بھی نہیں لگتا، جبکہ ایک اور کا کہنا تھا کہ سلمان خان نے اپنا مقام برسوں کی محنت سے حاصل کیا ہے، ان سے موازنہ ہی غلط ہے۔
بحث کے دوران بعض صارفین نے اس بات پر بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا کہ آیا واقعی وہاں رجب بٹ کے اتنے مداح موجود تھے یا یہ سب محض دکھاوے کے لیے کیا گیا انتظام تھا۔ واضح رہے کہ رجب بٹ ان دنوں اپنی ذاتی زندگی، بالخصوص طلاق کے معاملے اور دیگر تنازعات کی وجہ سے مسلسل خبروں میں ہیں، جبکہ دوسری جانب سلمان خان کی عید پر بالکونی میں آ کر مداحوں کی مبارکباد وصول کرنے کی روایت برسوں پرانی اور دنیا بھر میں مقبول ہے۔
