ظلم و جبر کے خلاف ہر محاذ پر لڑیں گے، مظلوم کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے: خوشحال خان کاکڑ شہدائے یارو کے تعزیت کے موقع پر گفتگو

کسی کے گھر پر حملہ چادر اور چار دیواری کے تقدس کی بدترین پامالی ہے، ملزمان کو فوری گرفتار کر کے کڑی سزا دی جائے: چیئرمین پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی


پشین (ڈیلی قدرت نیوز) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکنِ قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے واضح کیا ہے کہ ظلم و جبر کی ہر شکل کے خلاف ڈٹ جانا اور مظلوم کا ساتھ دینا ان کی پارٹی کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس سے کسی بھی قیمت پر پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔ انہوں نے یہ دوٹوک اعلان پشین کے علاقے یارو میں پشتون قومی سیاسی تحریک کے بزرگ رہنما مرحوم عالمگیر لالا کے گھر پر شہداء کے لواحقین سے تعزیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس اہم موقع پر پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنما بشمول محمد عیسیٰ روشان، یوسف خان کاکڑ، اللہ نور خان، نظام خان، حاجی میرو لالا، محمود علی کاکڑ اور پیر شمس اللہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

خوشحال خان کاکڑ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی پارٹی متاثرہ خاندان کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی رہے گی اور انصاف کے حصول تک انہیں مکمل سیاسی، اخلاقی اور قانونی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے گھر پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز اور دلخراش سانحہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کی رہائش گاہ پر حملہ کرنا اسلامی اقدار اور پشتون روایات کی صریح خلاف ورزی ہے جو چادر اور چار دیواری کے تقدس کی بدترین پامالی کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس گھناؤنے واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا سدباب ہو سکے۔

WhatsApp
Get Alert