مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور پاکستان کی ثالثی، صدر زرداری نے وزیراعظم، عسکری قیادت اور وزرائے اعلیٰ کا اہم اجلاس طلب کر لیا، اسحاق ڈار بریفنگ دیں گے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور پاکستان کی جانب سے ثالثی کی کوششوں کے معاملے پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے آج ایک اہم اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں وزیراعظم شہباز شریف، اہم وفاقی وزراء، اعلیٰ عسکری قیادت اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی شرکت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی سنگین صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، خاص طور پر ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ اور اب تک کی سفارتی و عسکری پیش رفت پر غور ہوگا۔ اجلاس میں خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کو بھی زیر بحث لایا جائے گا جبکہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار حالیہ چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس کے حوالے سے تمام شرکاء کو اعتماد میں لیں گے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں ملک میں موجود پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور ان کی ترسیل کے نظام کا جائزہ لینا بھی شامل ہے، اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے کفایت شعاری پالیسی اور اس پر عملدرآمد کے اقدامات کو بھی دیکھا جائے گا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس اہم بیٹھک میں مہنگائی سے متاثرہ طبقے کے لیے موٹر سائیکل اور رکشہ ڈرائیورز کو سبسڈی دینے سے متعلق اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔
