خیبرپختونخوا کابینہ میں توسیع کا فیصلہ، 14 نئے اراکین شامل کیے جانے کا امکان


پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی کابینہ میں توسیع کے معاملے پر منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کابینہ میں 14 نئے اراکین کو شامل کیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے کابینہ میں توسیع کے لیے مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور ممکنہ ناموں پر حتمی فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی توسیع کے تحت پشاور سے تین اور مردان سے دو اراکین کو کابینہ میں شامل کیا جا سکتا ہے جبکہ جنوبی اضلاع سے چار ممبران کابینہ کا حصہ بننے کی توقع ہے۔ دیر، سوات، ملاکنڈ، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سے بھی ایک، ایک رکن شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
وزیر قانون خیبرپختونخوا آفتاب عالم آفریدی نے کہا ہے کہ آئین کے تحت صوبے میں مشیروں کی تعداد سات تک ہو سکتی ہے جبکہ معاونین خصوصی کی تعداد کے حوالے سے کوئی واضح آئینی حد مقرر نہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کابینہ میں توسیع کا مقصد حکومتی امور میں بہتری، مختلف اضلاع کی نمائندگی کو یقینی بنانا اور سیاسی توازن برقرار رکھنا ہے۔

WhatsApp
Get Alert