جرمانوں سے پابندیوں تک، پی ایس ایل کے پہلے 4 دن کتنے دھماکا خیز رہے؟


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے پہلے چار دنوں میں پیش آنے والے واقعات نے پوری توجہ اپنی جانب کھینچ لی ہے۔ یہ وہ آغاز نہیں تھا جس کی شائقین کو توقع تھی بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ کوئی نہ کوئی نیا تنازع، نیا موڑ اور نئی خبر سامنے آتی رہی جس نے لیگ پر سوالات کھڑے کر دیے۔
لیگ کا آغاز ہی غیر معمولی انداز میں ہوا، نہ روایتی افتتاحی تقریب، نہ ویسا ہجوم جو پی ایس ایل کی پہچان رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پنک بال کا استعمال ایک نئی بحث چھیڑ گیا جس نے ماہرین اور شائقین کو مختلف آراء دینے پر مجبور کر دیا۔


کھلاڑیوں سے متعلق معاملات بھی سرخیوں میں رہے۔ نسیم شاہ کے ایک ٹویٹ نے بحث چھیڑی اور معاملہ یہاں تک پہنچا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو جرمانہ عائد کرنا پڑا۔ اسی طرح شاہین شاہ آفریدی کو لاہور قلندرز کی جانب سے جبکہ حسن علی کو پی سی بی کی جانب سے جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ کے دوران قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھی کارروائیاں دیکھنے میں آئیں، جن میں لاہور قلندرز پر 5 رنز کی پنالٹی شامل ہے۔ اس کے علاوہ بال ٹیمپرنگ جیسے سنگین معاملے نے بھی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ ادھر فخر زمان کے کیس کا فیصلہ تاحال زیرِ التوا ہے جس کا شائقین بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔
صرف چار دنوں کے اندر پیش آنے والے یہ واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پی ایس ایل 11 کا سیزن نہایت ہنگامہ خیز ثابت ہو رہا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید ڈرامائی پیش رفت کی توقع کی جا رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert