وفاقی کابینہ اور مشیروں نے تنخواہ و مراعات کی مد میں 40 کروڑ سے زائد وصول کر لیے

گاڑیوں اور پیٹرول پر بھی 26 کروڑ خرچ، پنجاب حکومت کا پروٹوکول افسران کی مراعات دوگنا کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزراء، وزرائے مملکت، مشیروں اور معاونین خصوصی کی جانب سے رواں مالی سال کے دوران وصول کی جانے والی تنخواہوں اور مراعات کی ہوش ربا تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اراکین، مشیروں اور معاونین نے اب تک تنخواہوں اور الاؤنسز کی مد میں 40 کروڑ 72 لاکھ 16 ہزار روپے وصول کر لیے ہیں، جبکہ رواں برس ان کے لیے مجموعی طور پر 68 کروڑ 87 لاکھ 27 ہزار روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
دستاویزات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وزراء، مشیروں اور معاونین خصوصی کے زیرِ استعمال 100 سے زائد گاڑیوں کی مرمت اور پیٹرول کی مد میں 26 کروڑ 64 لاکھ روپے کے اخراجات آ چکے ہیں۔ دوسری جانب، مسلم لیگ ن کی پنجاب حکومت نے بھی پروٹوکول ڈیوٹی انجام دینے والے افسران اور ملازمین کے لیے مالی مراعات میں نمایاں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب کابینہ نے سیکرٹری اطلاعات و ثقافت کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر اسپیشل پروٹوکول الاؤنس میں 100 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد اب یہ الاؤنس ملازمین کو ان کی بنیادی تنخواہ کے برابر فراہم کیا جائے گا۔ حکومتی حکام نے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ اس اقدام سے پروٹوکول ڈیوٹی سرانجام دینے والے ملازمین کو بڑا ریلیف ملے گا اور ان کی کارکردگی میں بہتری آئے گی، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert