وزیراعلیٰ بلوچستان کی سخت ہدایات، پولیس چیک پوسٹوں پر بھتہ خوری کے خلاف کارروائیاں شروع

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سخت ہدایات پر عمل کرتے ہوئے پولیس چیک پوسٹوں پر بھتہ خوری کے خاتمے کے لیے باقاعدہ کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق خضدار میں ایک پولیس چیک پوسٹ پر بھتہ خوری کی شکایت موصول ہونے پر فوری ایکشن لیا گیا، جس کے تحت دو پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔
ایس ایس پی خضدار نے چیک پوسٹ پر تعینات اہلکاروں نصراللہ اور حمید اللہ کو معطل کرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی اہلکار کو اختیارات کے ناجائز استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

معاون خصوصی برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایسے اقدامات جاری رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نظام میں شفافیت اور احتساب کو فروغ دینے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور بھتہ خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔
