پلاننگ کمیشن قواعد کے برعکس تقرری پر بادینی بارڈر ٹرمینل منصوبے کا اشتہار غیر قانونی قرار، پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تقرری نئے سرے سے کی جائے، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان جسٹس محمد کامران خان ملاخیل نے بادینی بارڈر ٹرمینل منصوبے کا اشتہار غیر قانونی قرار دے دیا۔ عدالت نے 12 مئی 2025 کا اشتہار اور 18 اکتوبر 2025 کا کوریجنڈم منسوخ کر دیا اور حکم دیا کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تقرری قواعد کے مطابق نئے سرے سے کی جائے۔
بلوچستان ہائی کورٹ نے تقرری کے لیے شفاف سلیکشن کمیٹی بنانے کی ہدایت کر دی اور واضح کیا کہ قانون جس طریقہ کار کا تعین کرے اسی پر عمل لازم ہے، پلاننگ کمیشن قواعد کے برعکس تقرری کا اشتہار جاری کیا گیا تھا۔ عدالت نے منصوبے سے متعلق ٹینڈر کا عمل بھی ایک طرف رکھ دیا اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تقرری تک منصوبے پر مزید کارروائی روکنے کا حکم دیا۔
عدالت نے آئینی درخواست منظور کرتے ہوئے اشتہار کالعدم قرار دے دیا اور فیصلے کی نقل ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان اور متعلقہ حکام کو ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

WhatsApp
Get Alert