موبی لنک بینک اور ایچ بی ایل کا کسانوں کو قرضے کی فراہمی کے لیے اشتراک، مفاہمتی یادداشت پر دستخط


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کے صف اول کے ڈیجیٹل مائیکروفنانس بینک، موبی لنک بینک نے ایچ بی ایل زرعی سروسز لمیٹڈ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اس شراکت داری کا مقصد ’زرخیزی آسان ڈیجیٹل زرعی قرضہ اسکیم‘ کے تحت کسانوں کو زرعی قرضوں کی دستیابی اور آسان رسائی کو وسعت دینا ہے۔
اس اشتراک کے تحت موبی لنک بینک ملک بھر کے کسانوں کو زرعی اجناس اور سہولیات کی فراہمی کے لیے قرضے فراہم کرے گا۔ ایچ بی ایل زرعی سروسز کے اشتراک سے بینک قرضوں کو ضروری زرعی وسائل اور خدمات سے منسلک کرے گا، تاکہ مالی معاونت کے درست اور پیداواری مقاصد کے لیے استعمال اور کسانوں کی پیداوار میں بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل ذرائع سے فنانسنگ کے عمل کو تیز تر اور آسان بنایا جائے گا، تاکہ ادائیگیوں اور لین دین کا نظام مزید مؤثر ہو سکے۔
دوسری جانب ایچ بی ایل زرعی سروسز ایک مستند زرعی ادارے کی حیثیت سے کسانوں کو معیاری زرعی وسائل، مسلسل رہنمائی، بوقت ضرورت مشینری کے استعمال کی سہولت، اور فصل کی بہتر فروخت کے منظم مواقع فراہم کرے گا۔ یہ مربوط نظام مالی معاونت کو عملی استعمال اور مارکیٹ تک رسائی سے جوڑے گا، جس سے شفافیت بڑھے گی، رکاوٹیں کم ہوں گی اور کسانوں کے مالی استحکام میں اضافہ ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert