بشریٰ بی بی کی آنکھ کا آپریشن، 190 ملین پاؤنڈ زکرپشن کیس میں وکلاء کی جانب سےایک اور درخواست دائر کر دی گئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کے آپریشن کے بعد 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں ان کے وکلا ءکی جانب سے اہم پیش رفت کی کوشش کی جا رہی ہے۔

’’ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق ایڈووکیٹ سلمان صفدر نے بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری کے بعد سزا معطلی درخواست پر جلد فیصلہ کرانے کی کوششیں شروع کردی ہیں اور اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے، جس میں میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے سزا معطلی درخواست پر جلد فیصلہ کرنے اور بشریٰ بی بی تک ان کے وکلاء اور فیملی کی رسائی کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری راولپنڈی کے الشفا ءآئی ہسپتال میں کی گئی، سرجری سے پہلے کسی فیملی ممبر کو آگاہ نہیں کیا گیا۔قانونی طور پر وکیل اور فیملی ممبر کو آگاہ کرنا ضروری ہے، بغیر کسی کو آگاہ کیے بشریٰ بی بی کی زندگی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، اچانک فیملی کو بتایا گیا جس کے بعد فیملی نے جیل میں ملاقات کی۔ان کی میڈیکل کنڈیشن سیریس نوعیت کی ہے۔

وکیل نے مؤقف اپنایا ہے کہ جیل حکام نے عدالتی حکم کے باوجود مجھے جیل میں بشریٰ بی بی تک رسائی نہیں دی، 15 مئی 2025 سے زیر التوا ءبشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ کریں اور بشریٰ بی بی تک فیملی اور وکیل کو رسائی دی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے ذرائع نے بتایا تھا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کا آپریشن نجی اسپتال میں کیا گیا اور انہیں واپس جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert