خضدار میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شدت اختیار کرگیا، 10 سے 12 گھنٹے بجلی غائب


خضدار(قدرت روزنامہ)خضدار شہر اور گردونواح میں واپڈا کی جانب سے غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شدت اختیار کرگیا۔ گرمی کے موسم میں رات بھر بجلی کی بندش نے لوگوں کا سکون چھین لیا، علاقہ مکینوں کی نیندیں حرام ہوکررہ گئی ہیں، رات 12 سے صبح 10 بجے تک بجلی غائب کردی جاتی ہے، معلومات کے مطابق روزانہ رات ٹھیک 12 بجے بجلی بند کردی جاتی ہے جو اگلی صبح 10 بجے کے بعد ہی بحال کی جاتی ہے، ان دس گھنٹوں کے دوران شہری شدید گرمی حبس اور مچھروں کی بہتات میں آسمان تلے یا صحنوں میں رات گزارنے پر مجبور ہیں۔ بچے، بزرگ اور خواتین سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں گرمی کی شدت اور مچھروں کے کاٹنے سے نیند تو دور کی بات بیٹھنا بھی محال ہو جاتا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب سے نئے ایکسیئن نے خضدار میں چارج سنبھالا ہے شہر کے تمام فیڈرز پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اور تسلسل دونوں بڑھا دیے گئے ہیں، اور خاص طور پرسٹی ون فیڈرکی صورتحال انتہائی خراب ہے، جسے روزانہ چاندنی چوک سے رات 12 بجے بندکرکے ہزاروں صارفین کو گرمی اور مچھروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جاتا ہے، خضدارشہرمیں بجلی کی بدترین صورتحال پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گرمیوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔

WhatsApp
Get Alert