اسلام آباد سے روٹ ٹو مکہ کی پہلی حج پرواز مدینہ منورہ روانہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد سے روٹ ٹو مکہ کی پہلی حج پرواز 270 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوگئی۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق سعودی ایئرلائن کی پرواز ایس وی 5723 دن 11 بجے روانہ ہوئی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، سعودی ڈپٹی ہیڈ مشن محمد ال علی اور جوائنٹ سیکرٹری حج محمد بخش سانگی نے عازمین حج کو رخصت کیا۔
سردار محمد یوسف نے بہترین سہولیات کی فراہمی و تعاون پر خادم حرمین شریفین، ولی عہد محمد بن سلمان، سعودی وزیر حج عمرہ ڈاکٹر توفیق بن ربیعہ اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 2026 کی پہلی حج پرواز ہے، عازمین کو سرزمین حجاز روانہ کر دیا گیا، ہر حاجی کے لیے یہ لمحہ زندگی کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک ہے۔
انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سعودی وژن 2030 اور وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ کی کاوشوں کا اعتراف کیا۔
سردار یوسف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مثالی تعاون سے حج انتظامات مکمل کیے گئے، حکومت پاکستان کی اولین ترجیح عازمین کو سہولت اور باوقار سفر کی فراہمی ہے۔
انہوں نے روڈ ٹو مکہ منصوبے کو عازمین کے لیے انقلابی سہولت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر سعودی امیگریشن اور سفری مراحل مکمل کیے جا رہے ہیں، اس سہولت سے عازمین براہ راست اپنی رہائش گاہوں تک پہنچ سکیں گے۔
سردار یوسف نے بتایا کہ اسلام آباد سے 36 ہزار اور کراچی سے 29ہزار 800 عازمین مستفید ہوں گے جبکہ پہلی بار لاہور سے بھی 30 ہزار عازمین روڈ ٹو مکہ سہولت حاصل کریں گے۔ مجموعی طور پر 95ہزار 800 پاکستانی عازمین اس جدید سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے، کل عازمین کا 80 فیصد روڈ ٹو مکہ منصوبے سے مستفید ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حج انتظامات مزید بہتر بنائے گئے، ہر 188 عازمین کے ساتھ تربیت یافتہ ناظم مقرر کیا گیا۔ منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں عازمین کی مکمل رہنمائی یقینی بنائی جائے گی جبکہ ہر حاجی کو سعودی عرب پہنچتے ہی مفت سعودی سم فراہم کی جائے گی۔ لانگ حج کے لیے 40 جی بی انٹرنیٹ سہولت دی جائے گی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ 24 ہزار حجاج کو ہائی اسپیڈ ٹرین کے ذریعے سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی، مکہ اور مدینہ کے درمیان جدید ٹرین سروس کا آغاز کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال 1 لاکھ 19 ہزار سرکاری حجاج کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے، تمام سرکاری حجاج کو مدینہ میں مرکزیہ کے قریب رہائش دی جائے گی۔ حج صرف عبادت نہیں بلکہ روحانی تربیت کا ذریعہ ہے۔
سردار یوسف نے حجاج کرام کو صبر اور نظم و ضبط کے ساتھ حج مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سعودی قوانین کی پابندی ہر حاجی پر لازم قرار دے۔ انہوں نے خدام الحجاج کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید بھی کی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حجاج پاکستان کے سفیر ہیں، مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے سعودی قیادت کا حجاج کی خدمت پر خصوصی شکریہ ادا جبکہ شاہ سلمان کی سرپرستی میں حجاج کی خدمت کو سراہا گیا۔
