‘وسیم اکرم پلس’ عثمان بزدار یوسف رضا گیلانی کے ڈرائیور بن کر منظرعام پر آ گئے

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اپنی وزارت ختم ہونے اور خاص طور پر پی ٹی آئی پر برا وقت آنے کے بعد سے غائب تھے


ملتان(قدرت روزنامہ)سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار یوسف رضا گیلانی کے ڈرائیور بن کر منظرعام پر آگئے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر چند تصاویر وائرل ہیں جن میں پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے پر براجمان رہنے والے عثمان بزدار دکھائی دے رہے ہیں، جو وزارت اعلیٰ ختم ہونے اور خاص طور پر پی ٹی آئی پر برا وقت آنے کے بعد سے منظر عام سے غائب ہوچکے تھے، تاہم اب سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں وہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی گاڑی ڈرائیو کرتے نظر آئے، اس کے علاوہ ایک اور تصویر میں وہ یوسف رضا گیلانی، گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی و دیگر رہنماؤں کے ہمراہ کھڑے مسکراتے ہوئے بھی دکھائی دیئے۔


ان تصاویر کے سامنے آنے پر ایکس صارفین نے مختلف تبصرے کیے ہیں، ایک صارف محمد ذیشان اعوان لکھتے ہیں کہ ’عثمان بزدار کسی جماعت میں جائیں یا نہ جائیں، کیا فرق پڑتا ہے کہ وہ اپنے اس لیڈر کو تو چھوڑ چکے ہیں جس نے انہیں وزیراعلیٰ بنایا، پھر سب کی تنقید اور مخالفت کے باوجود وزیراعلیٰ برقرار بھی رکھا‘۔


ایک خاتون صارف عائشہ عبدالباسط نے لکھا کہ ’میرا خیال ہے کہ تھوڑی سی تنقید عمران خان پر بھی بنتی ہے، کہیں نا کہیں اُن کی بھی ناکامی ہے کیوں کہ عثمان بزدار ، گنڈاپور، سہیل آفریدی، فیاض ال حسن چوہان، ان سب کی سلیکشن کرنے والے خان صاحب ہی ہیں‘۔


صحافی طارق متین نے کہا کہ ’عثمان بزدار یوسف رضا گیلانی کے ڈرائیور بن کر گیلانی کے ساتھ تصویریں بنواتے رہے، عمران خان اس کو وسیم اکرم پلس کہتے تھے لیکن عثمان بزدار ، پرویز خٹک اور محمود خان ان سب نے بہت مایوس کیا، یہ لوگ مشکل وقت میں عمران خان کو چھوڑ گئے‘۔


ان تصاویر سے متعلق ایک صارف منشاء فریدی نے دعویٰ کیا کہ سردار ذوالفقار کھوسہ کی قل خوانی میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی جہان سے واپسی پر شدید ٹریفک جام نے سب کو مشکل میں ڈال دیا، حتیٰ کہ یوسف رضا گیلانی کی گاڑی بھی رک گئی، اسی دوران دوست محمد کھوسہ نے عثمان بزدار سے گزارش کی کہ یوسف رضا گیلانی کو ساتھ لے جائیں، عثمان بزدار نے خوشدلی سے فوراً انہیں اپنی گاڑی میں بٹھا لیا، یہ واقعہ سیاست نہیں بلکہ باہمی احترام اور انسانیت کی ایک خوبصورت مثال ہے۔

WhatsApp
Get Alert