پشتونوں کے وسائل اور حقوق پر خاموشی المیہ ہے، نمائشی مینڈیٹ والی بلوچستان حکومت کو اگر کرپشن اور کمیشن سے وقت نکال لے تو شاید صوبے کا کچھ بھلا ہو جائے، عبدالرحیم زیارتوال


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ جمہوریت کے عظیم قائد محمود خان اچکزئی کا واضح موقف اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی سیاست ملک میں آئین کی بالادستی، جمہورکی حکمرانی، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن، پارلیمنٹ کی خودمختاری، عدلیہ ومیڈیا کی آزادی اور ملک کے ہر ادارے کا متفقہ آئین کے تحت دیئے گئے دائرہ کار ودائرہ اختیار میں اپنے فرائض کی انجام دہی کا پابند بنانا ہے اور ملک کے اندر پشتون متصل علاقوں پر ایک خودمختار قومی صوبہ کی تشکیل ہے جس کا نام پشتونستان ہو ااوراپنے ان قومی اہداف کے حصول کے لیے پارٹی کی قومی سیاسی جمہوری جدوجہد جاری رہیگی۔ بدقسمتی سے ہمارے ان قومی سیاسی جمہوری اہداف کو شروع دن سے تسلیم نہیں کیاگیا اور نتیجہ ملکی بحرانوں کی صورت میں آج ہم سب کے سامنے ہیں۔ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کو انہی اہداف کے حصول کی پاداش میں تقریباً33سال قید وبند کی سزائیں دی گئی اور اپنے موقف سے دستبردار نہ ہونے کی صورت میں انہیں 2دسمبر کو شہید کردیا گیا۔ آج بھی پشتونخوامیپ کو آئین کی بالادستی، جمہوریت کے لیے آواز بلند کرنے اور جدوجہد پر سزا دی جارہی ہے لیکن پارٹی اپنے محبوب چیئرمین اور جمہوریت کے عظیم قائد محمود خان اچکزئی کی قیادت میں اپنے قومی اہداف کے حصول کی جدوجہد کو مزید منظم کرتے ہوئے پشتونخواوطن کے گھر گھر تک پارٹی پروگرام کو پہنچا کر اپنے منزل مقصود کو حاصل کریگی۔ پشتونوں کے اپنے صوبے کے قیام تک اس پشتون بلوچ دو قومی صوبے کے ہر شعبہ زندگی میں برابری لازمی اور ضروری ہے۔ پشتونوں کے حقوق اس وقت غصب ہیں اور ان کے زمینوں، جنگلات، وسائل، معدنیات پر قبضہ جاری ہے جس کی روک تھام کے لیے نہ صرف غیور عوام کو متحد ہونا ہوگا بلکہ فارم47کی نام نہاد نمائندوں کا احتساب کرنا ہوگا جنہوں نے 8فروری کو عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈال کر ان کے حقیقی نمائندوں کو پارلیمان جانے سے روکا اور کرورڑوں اربوں روپے دیکراسمبلی کی نشستوں کی بولیاں لگائی اور آج کرپشن، کمیشن، پرسنٹ مافیا بن کر پشتونوں کے حقوق پر خاموشی کا روزہ رکھے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی ضلع کوئٹہ تحصیل صدر سے مربوط دو علاقائی یونٹوں کے کانفرنسز (انتخابات) سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی صدر تحصیل سے مربوط دیبہ اور ریلوے کالونی بروری روڈ علاقائی کانفرنسز تحصیل سیکرٹری نعیم پیر علیزئی کی صدارت میں منعقد ہوئے۔منعقدہ کانفرنسز میں نئی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔دیبہ علاقائی یونٹ کے سیکرٹری اکبر خان،بڑیچ سینئر معاون سیکرٹری لطیف خان یوسفزئی، اطلاعات سیکرٹری ساجد خان مشوانی،مالیات سیکرٹری بخت محمد بارکزئی،رابطہ سیکرٹری نظام خان،حبیب اللہ، بخت محمد بڑیچ، دولت خان، عزیز اللہ معاونین منتخب ہوئے۔ جبکہ ریلوے کالونی بروری روڈ علاقائی یونٹ کانفرنس کے سیکرٹری شہزاد یوسفزئی اور ارباب بہادر علی کاسی سینئر معاون سیکرٹری، اطلاعات سیکرٹری اعظم خدمت گار، رابطہ سیکرٹری ریاض شاہ، مالیات سیکرٹری گل زیب، اسفند یار،قیوم خان، جمال الدین اور زیب عالم معاونین منتخب ہوئے۔ کانفرنس سے پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سردار ادریس خان بڑیچ، صوبائی رابطہ سیکرٹری گل خلجی، تحصیل سینئر معاون سیکرٹری راحت بازئی نے خطاب کیا۔ مقررین نے منتخب ایگزیکٹیوز کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے بجاء طور پر یہ اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے علاقائی یونٹس میں تنظیمی فعالیت کو دوبالا کرینگے اور ابتدائی یونٹوں کو فعال بناکر اس میں عوام کے مسائل حل کرنے اور پارٹی میں شمولیتی پروگراموں کو یقینی بنائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert